• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائبرڈ ماڈل مسترد ہونے پر پاکستان ایشیا کپ نہیں کھیلے گا، بھارتی میڈیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیاکپ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور ایشیا کپ کے بارے میں فیصلہ فرد واحد نہیں ایشین کرکٹ کونسل کی ایگزیکٹیو کونسل کرے گی۔ بھارتی میڈیا دعویٰ ہے کہ ہائبرڈ ماڈل مسترد ہونے پاکستان ایشیا کپ میں شرکت نہیں کرے گا۔ پاکستان ایشیاکپ کا بائیکاٹ کرتا ہے تو بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کے ساتھ نیپال پانچویں ٹیم کے طور پر حصہ لے گی۔ چیئرمین آئی سی سی گریگ بارکلے اور سی ای او جیف ایلر ڈائزنے دو دن لاہور میں گذارے لیکن برف پگھلتی دکھائی نہیں دے رہی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کی موجودگی اور ہائبرڈ ماڈل مسترد ہونے پر پاکستان کے رواں سال ایشیاکپ نہ کھیلنے کے امکانات ہیں۔ پاکستان کو ایشین کرکٹ کونسل کے اگلے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے دوران بتایا جائے گا کہ دیگر تمام شریک ممالک سری لنکا میں کھیلنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تجویز دی تھی کہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں گروپ مرحلے کے چار میچز پاکستان میں کھیلے جائیں جبکہ بھارتی بورڈ نے اسے بھی مسترد کردیا ۔ پی سی بی نے ایک اور تجویز یہ دی تھی کہ پاکستان کو سپر فور مرحلے کے دو میچز سمیت چھ میچوں کی میزبانی دی جائے ۔کولمبو میں ممکنہ بارشوں کے سبب میچ پالے کیلے اور ہمبن ٹوٹا میں ہوں گے۔ پاکستان بھی ایشیا کپ کے دوران پلان بی کے تحت تین قومی ٹورنامنٹ کرانے پر غور کررہا ہے۔ بھارت کا دورہ پاکستان سے انکار اور ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہ کرنا پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

اسپورٹس سے مزید