• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز خٹک نے پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی صدارت چھوڑ دی

لاہور،سیالکوٹ، لاڑکانہ(جنگ نیوز، نمائندہ جنگ،آن لائن)سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی) پرویز خٹک نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے پی کی صدارت چھوڑنے کااعلان کر دیا۔

پرویز خٹک کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کئی دنوں سے ملک میں سیاسی حالات کو دیکھ رہا ہوں

 9مئی کے واقعات کی پہلے ہی مذمت کر چکا ہوں۔پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا سیاسی ماحول بہت خراب ہے اس ماحول میں چلنا مشکل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل دوستوں اورپارٹی ورکر سے مشورہ کرکے طے کروں گا، جو پراپیگنڈا ہو رہا ہے وہ درست نہیں، سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا۔ دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے بھائی عامر ڈار نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر ڈار نے کہا کہ سیاست چھوڑ رہا ہوں، کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ہے۔عامر ڈار نے کہا کہ 9مئی کے واقعات کی بھر پور مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ عثمان ڈار اپنے فیصلے کے خود مالک ہیں۔

سندھ میں بھی پاکستان تحریک انصاف کو دھچکا، تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر امیر بخش بھٹو اور صوبائی نائب صدر سندھ اللہ بخش انڑ نے پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔

لاڑکانہ میں امیر بخش بھٹو نے اللہ بخش انڑ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ ایکشن کمیٹی اور سی ای سی سمیت بنیادی رکنیت سے استعفی دے رہا ہوں، اب سیاست کرنے کو دل ہی نہیں چاہتا جو تعلیم ملی اس کے مطابق سیاست نہیں کرسکتامستقبل کا فیصلہ دوستوں کے ساتھ مل کر کروں گا

 9مئی کو ہونے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ جبکہ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ایم این اے حافظ رضا کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔

دریں اثناءتحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسد قیصر اور پرویز خٹک سے رابطہ نہیں ہو رہا،وہ صبح 11بجے کسی سے ملنے نامعلوم مقام پر گئے تھے۔

 یاد رہے کہ چند روز قبل عمران خان کی جانب سے حکومت سے مذاکرات کیلئے 7 رکنی کمیٹی کا اعلان کیا گیا تھا جس میں شاہ محمود قریشی‘پرویز خٹک، اسد قیصر، حلیم عادل شیخ، عون عباس، مراد سعید اور حماد اظہر کے نام شامل تھے۔

اہم خبریں سے مزید