کراچی ( اسٹاف ررپورٹر) کئی دہائیوں سے متنازع بنے کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے پر کام شروع کرنے کے لیے سندھ حکومت نے ایک بار پھر چین سے رجوع کیا ہے۔ ترجمان سندھ حکومت کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کی صبح کراچی سرکلر ریلوے ( کے سی آر ) سے متعلق اجلاس منعقد کیا، جس میں وزیر ٹرانسپورٹشرجیل انعام میمن، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی، سینئر ممبر بقا اللّٰہ انڑ، کمشنر کراچی اقبال میمن اور وزیرِ اعلیٰ کے سیکریٹری رحیم شیخ شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے بتایا گیا کہ کے سی آر منصوبہ شہر کی ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے ضروری ہے،کے سی آر منصوبہ دوبارہ چین کے حکام کو بھیجا گیا ہے جو امید ہے کہ منظور ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس منصوبے کو جلد شروع کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔وزیرِ اعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ کے سی آر منصوبے کا دستاویزی کام جلد مکمل کریں اور سینئر ممبر بورڈ آف ریوینیو کو ہدایت کی کہ کے سی آر منصوبے کی اراضی کا مسئلہ جلد حل کریں، انہوں نے ایس ایم بی آر کو بھی ہدایت دی کہ کے سی آر اراضی مسئلہ ایک ہفتے کے اندر حل کر کے رپورٹ پیش کریں۔