• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین ہراسگی سے متعلق پی ٹی آئی کا بیان قابل مذمت ہے‘ سینیٹر ثمینہ

کوئٹہ (پ ر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے حوالے سے 9 مئی کے واقعات میں ملوث گرفتار خواتین کے ساتھ ہراسگی کے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت اقتدار کی خاطر اس قدر گر سکتی ہے اس کااندازہ نہیں تھا۔ اپنی سیاست بچانے کی خاطر خواتین کو استعمال کرنا نہایت ہی گری ہوئی حرکت ہے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے خواتین کی تذلیل اور انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے پولیس اور جیل حکام پر لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام الزامات بے بنیاد اور حقائق کے برعکس ہیں ۔ ہمارا معاشرہ اس قسم کی باتوں کا متحمل نہیں ہو سکتاجس طرح بچے کچے پی ٹی آئی والے کر رہے ہیں ۔ پی ٹی آئی کی گرفتار خواتین نے بھی پولیس یا جیل حکام کی جانب سے ہراسگی کی باتوں کی تردید کی ہے جس کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے اعلیٰ اداروں پر لگائے گئے اس نئے الزام اور بیانئے کی حقیقت قوم کے سامنے آ گئی ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کا تقدس ہمارے معاشرے کا حصہ ہے چاہے وہ مجرم بھی ہوں ان کا احترام و تقدس سب پر لازم و ملزوم سمجھا جاتا ہے اور اس پر عمل بھی کیا جاتا ہے ۔پی ٹی کی جانب سے اس قسم کے منفی اور بے سروپا الزامات ہیومن رائٹس کے حوالے سے دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش تھی جو پاکستانی قوم کے مثبت اور مضبوط قومی رویئے سے بری طرح ناکام ہوئی ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ملک میں جس طرح کے حالات پیدا کر دیئے گئے ہیں ان کے ذمہ دار عمران خان اور پی ٹی آئی ہے جنہوں نے اعلیٰ ملکی اداروں اور فوج کے خلاف معصوم ذہنوں میں مسلسل زہر بھرا اور جس کا نتیجہ 9 مئی کے واقعات کی صورت میں سامنے آیا۔ محب وطن پاکستانیوں نے کھل کر پی ٹی آئی کے اس اقدام کی مذمت کی اور پی ٹی آئی کے لوگوں کی پارٹی چھوڑنے کی وجہ بھی یہی تھی کہ ایک شخص صرف اپنی ذات تک سوچ رکھتا ہے، اسے ملک و قوم یا پارٹی ورکروں سے کوئی سروکار نہیں ۔یہ مفاد پرست شخص اپنی ہی کہی ہوئی باتوں سے مکر جاتا ہے ۔حد تو یہ ہے کہ فتنہ خان نے گرفتار ہونے والے ورکروں کو اپنا ماننے سے بھی انکار کر دیا ۔اس کے بعد معصوم ورکروں کوسمجھ آ جانی چاہئے کہ یہ شخص صرف اپنی ذات میں قید ہے اور پی ٹی آئی ورکرز ہوش کے ناخن لیتے ہوئے صحیح سمت کا تعین کریں ۔عمران خان صرف اقتدار چاہتا ہے اور اس کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ پوری قوم ایک بار پھر وطن کے اندرونی و بیرونی دشمنوںکو باور کرادینا چاہتی ہے کہ پاکستانی ایک بہادر قوم ہے جس کی حفاظت پاک افواج کر رہی ہیں اور جس نے بھی پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
کوئٹہ سے مزید