ملتان (سٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ تحریک اسلامی کے لیے پوری دنیا میں مواقع پیدا ہو رہے ہیں،جماعت اسلامی کی بنیاد مضبوط ہے جس کی بنیاد پر یہ آج تک قائم ہے، پیپلز پارٹی، پی ڈی ایم اور تحریک انصاف نے ملکی معیشت اور قومی اداروں کو تباہ کیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں جماعت اسلامی ملتان کے زیراہتمام منعقدہ ذمہ دران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ پی پی، پی ڈی ایم اور تحریک انصاف کی حکومتوں کو عوام نے آزما لیالیکن عوام کی زندگیوں میں کوئی فرق نہیں پڑا، پاکستان کا نوجوانامید بھری نظروں سے تلاش کررہا ہے کہ کون ہے جو اس ملک کے نوجوان کی صلاحیتوں کو استعمال کر کے پاکستان کو تعمیر و ترقی کے راستہ پر گامزن کرے اوریہ صلاحیت جماعت اسلامی کے پاس ہے، اجتماع سے امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی اور قیم جماعت اسلامی جنوبی پنجاب صہیب عمار صدیقی نے بھی خطاب کیا۔