کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ ماضی میں سلیکشن کمیٹی اور مینجمنٹ میں ایک گیپ پایا جاتا تھا لیکن موجودہ سلیکشن کمیٹی سے یہ دوری کم ہو ئی ہے۔ دس جون سے قومی کرکٹرز کا کیمپ نئی مینجمنٹ کی سہولت کے لیے لگا رہے ہیں ۔ سری لنکا، ایشیاکپ ورلڈکپ اور آسٹریلیا کی سیریز کو سامنے رکھ کر ٹریننگ کریں گے، باصلاحیت کرکٹرز کو فاسٹ ٹریک کیا جائے گا، مکی آرتھر کے ساتھ رابطہ رکھنے میں کوئی مشکل نہیں، مستقبل میں پاکستان کے ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں اضافہ ہوگا۔ بدھ کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک کھیلنے والے کرکٹرز کی فٹنس پر پریشان نہیں،روٹیشن پالیسی اپنائی جا رہی ہے، مزید چیزیں بہتر ہوں گی۔ ڈومیسٹک کرکٹرز کے بارے میں بتانے کیلئے کوچز موجود رہیں گے۔ سلیکشن کمیٹی کے نئے طریقہ کار سے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔