اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں بجٹ تقریرکے دوران کہا کہ میں اس ضمن میں 9مئی کو رونما ہونے والے المناک شرمناک، ملک دشمن واقعات کا ذکر کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔ سیاسی جماعت کا لبادہ اوڑھے مسلح دہشت گرد جتھوں نے پاکستان کی سا لمیت، ساکھ اور قومی وقار کو مجروح کرنے کی گھناؤنی اور منظم سازش کی۔ پاک افواج کے شہداء کی قربانیوں کو یکسر نظرانداز کیا اور ان کی یادگاروں کی بے حرمتی کا جرم کیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ دفاعی تنصیبات کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا۔ایسے ملک دشمن عناصر اپنی ناپاک حرکتوں کی وجہ سے خود ہی بے نقاب ہو چکے ہیں۔ یہ گروہ کسی صورت بھی نرمی اور رحم دلی کا حقدار نہیں۔ ایسے تمام عناصر کو پاکستان کے قوانین کے مطابق سخت سے سخت سزائیں دی جانی چاہئیں تاکہ آئندہ کسی کو بھی ایسے ناپاک عزائم کے ساتھ ملک دشمن سرگرمیوں میں حصہ لینے کی جرات نہ ہو۔