لاہور( نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں، آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دیں، امید ہے اسی ماہ معاہدہ ہو جائیگا، تاہم آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر ہوئی تو حکمت عملی بناکر قوم کو اعتماد میں لینگے، مشکل وقت گزر گیا ریلیف دینگے، جمہوریت کی مضبوطی کیلئے انتخابات ضروری ہیں، الیکشن کمیشن تاریخ کا اعلان کرے ہم پابندی کرینگے، سیاسی نتائج کی پرواہ کئے بغیر سخت فیصلے کئے، شمالی آئرلینڈ سوڈان، بلقان کے مسائل کی طرح مسئلہ کشمیر بھی حل کیا جائے، ترکیہ سے توانائی کے شعبے میں تعاون چاہتے ہیں، امریکا کیپٹل ہل میں حملہ آوروں کو عدالتوں سے سزائیں دی جارہی ہیں، پاکستان میں ایسے عناصر کیخلاف کوئی الگ سلسلہ ہونا چاہئے ؟ جرم ہوا ہے تو قانون راستہ بنائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں سبزہ زار اسپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب، غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو اور پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بڑے چیلنجز کے باوجود بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف پہنچایا، ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط خلوص کیساتھ پوری کردی ہیں، پوری امید ہے آئی ایم ایف سے معاہدہ اسی ماہ ہوجائیگا۔ شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ دشمن کی دشمنی سے کم نہیں تھا،دشمن بھی یہ کام 75 سال میں نہیں کرسکا جو پی ٹی آئی نے کیا، 9 مئی کے ملزمان کو ایسی سزا ملے گی کہ رہتی دنیا تک دوبارہ کوئی ایسی جرات نہ کرسکے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دو ہفتے دن رات عوام کو بجٹ میں ریلیف دینے کیلئے کام کیا، میرے اوپر بڑا بوجھ تھا کہ کس طرح غریب آدمی کی تنخواہ بڑھاؤں کیونکہ اس وقت تو 50 ہزار روپے میں بھی گزارہ نہیں ہے، تمام مشکلات کے باوجود ہم نے کم ازکم تنخواہ کو 25 ہزار سے بڑھاکر 32 ہزار روپے اور تنخواہوں و پنشن میں اضافہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا جب گیس کی قیمتیں عالمی سطح پر کم تھیں تب گزشتہ حکومت نے یہ نہیں سوچا کہ وہ گیس کے معاہدے کرلیتے تو آج پاکستان کی معیشت کا یہ حال نہ ہوتا لیکن انکی ساری توجہ مخالفین کو جیلوں میں بھجوانے پر مرکوز تھی۔علاوہ ازیں ترکیہ کو خصوصی انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، پاکستان اور بھارت اسلحہ اور جنگی جہاز خریدنے کی بجائے اپنے علاقوں سے غربت اورجہالت کے خاتمہ پر وسائل صرف کریں اور باہمی تنازعات پرامن مذاکرات سے حل کریں۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے کشمیر کاز پر ہمیشہ پاکستان کی غیرمشروط حمایت کی ہے جس کیلئے ہم ان کے مشکور ہیں۔ کشمیری بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، بھارتی مظالم سے پوری دنیا آگاہ ہے اور کشمیری عوام کی قربانیوں سے بھی پوری دنیا آگاہ ہے اسکے باوجود بھارت ضد پر اڑا ہوا ہے، بھارت کا کشمیریوں کا زیرتسلط رکھنے کا طرزعمل بہت بڑا منفی پہلو ہے، دنیا کو سمجھنا چاہئے کہ جس طرح شمالی آئرلینڈ کا مسئلہ حل کیا گیا تھا، جس طرح سوڈان، بلقان کے مسائل حل کئے گئے اسی طرح وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے ملتان روانگی سے قبل ماڈل ٹاؤن میں انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔