کراچی (نیوز ایجنسیز / نیو زڈیسک) پاک روس تعلقات میں تاریخ رقم ہوگئی ہے پہلا روسی خام تیل بردار جہاز کراچی پہنچ گیا ہے، 183میٹر لمبے روسی جہاز پیور پوائنٹ میں 45؍ ہزار میٹرک ٹن تیل لدا ہے جبکہ 50 ہزار ٹن کی دوسری کھیپ آئندہ ہفتے آئیگی۔
ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے تاریخ رقم کردی اور پہلا روسی خام تیل بردار جہاز کراچی بندرگاہ پہنچ گیا جبکہ 50 ہزارٹن کی دوسری کھیپ آئندہ ہفتے آئیگی۔
183میٹر لمبے روسی جہاز پیور پوائنٹ میں 45ہزار میٹرک ٹن تیل لدا ہے۔ سمندری طوفان سے قبل جہاز کراچی پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔
شپنگ ذرائع نے بتایا کہ روسی خام تیل کا جہاز کراچی پورٹ کی آئل پیئر 2پر تیل ترسیل کرے گا۔ زرائع کے مطابق روسی جہاز سمندری طوفان سے پہلے کراچی پورٹ پر پہنچنے میں کامیاب ہوا ۔جس سے تیل کی قیمتیں کم ہونے کی امید ہے ۔
ادھر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے ساتھ اپنے وعدوں میں سے ایک اور وعدہ ہم نے پورا کر دیا ہے۔ خوشی کے ساتھ اعلان کر رہا ہوں کہ روس سے رعایتی قیمت پر خام تیل سے بھرا بحری جہاز کراچی پہنچ گیا ہے اور کل سے تیل کی ترسیل شروع ہوجائے گی۔آج تبدیلی کا دن ہے۔ ہم ملک کی خوشحالی، معاشی ترقی، انرجی سکیورٹی اور مناسب داموں پر توانائی کی فراہمی کےلئے مناسب وقت پر مناسب قدم اٹھا رہے ہیں۔
پاکستان کی تاریخ میں روس سے آنے والا تیل کا یہ پہلا جہاز ہے جو روسی فیڈریشن اور پاکستان کے درمیان نئے تعلقات کی شروعات ہے۔میں ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو اس قومی کاوش اور روس سے پاکستان تیل لانے کے وعدے کو عملی تعبیر دینے کا حصہ رہے۔