اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے واضح کیا ہے کہ الیکشن میں تاخیر ہوئی تو جماعت اسلامی مخالفت کرے گی۔ پارلیمنٹ کی مدت میں توسیع کے بیانات دیے جارہے ہیں، بتانا چاہتا ہوں یہ ملک اب کسی کی خواہش پر نہیں، آئین اور جمہور کی مرضی کے مطابق چلے گا۔ 2018 میں سلیکشن ہوئی، اب پی ڈی ایم بھی فکس میچ چاہتی ہے، موجودہ بندوبست 100 فیصد ناکام ہوگیا، یہ لوگ جتنی دیر اقتدار میں رہیں اور جو مرضی کرلیں، عوام کے دل اپنی طرف نہیں موڑ سکتے، اقتدار میں یہ ان کا پہلا موقع نہیں، سبھی نے باریاں لیں، اب عوام اور اس کے حقیقی خدمت گاروں کی باری آئے گی، جماعت اسلامی عوامی جمہوری جدوجہد سے یہاں اسلامی نظام نافذ کرے گی۔الحمرا ہال میں انتخابات کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ کراچی میں عوام نے جماعت اسلامی کو مینڈیٹ دیا مگر پی پی کی ضد ہے کہ میئر جیالا ہوگا۔