اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ روسی تیل کی آمد سے رجیم چینج کے دعویداروں کا پروپیگنڈہ بے نقاب ہوگیا، سابق وزیراعظم نے جعلی کاغذ لہرا کر سائفر کا نام دیا، IMF سے معاہدےتوڑ کر کے ملک کو نقصان پہنچایا، معیشت کا بیڑہ غرق کیا، نوجوانوں کو گمراہ کرنیکی کوشش کی، معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری، روس سے 45 ہزار ٹن سستا خام تیل پہنچ گیا، روس سے آنے والا تیل عالمی مارکیٹ سے 15 ڈالر فی بیرل سستا ہے، آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، معاہدہ جلد ہو جائیگا، ملک کو مشکلات سے نکالیں گے، زرمبادلہ ذخائر بڑھانے، مہنگائی کم کرنیکی ضرورت ہے، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، 9 مئی کے واقعات نے قوم کو رنجیدہ اور شرمسار کیا ، جو قومیں شہدا اور غازیوں کو بھول جائیں وہ زندہ نہیں رہتیں، نوجوانوں کیلئے لیپ ٹاپ اسکیم جولائی سے دوبارہ شروع ہو جائے گی، حکومت نے بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے، ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو کیپٹن کرنل شیر خان شہید (سابقہ آئی جے پی) روڈ کے ازسرنو تعمیر کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ تقریب میں وزیراعظم نے آئی جے پی روڈ کو کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدر کے نام سےمنسوب کرنے کاا علان کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے یہ منصوبہ تعطل کا شکار رہا۔سابق حکومت نے جاری منصوبے بھی ٹھپ کر دیئے تھے۔