کراچی/اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر/ ایجنسیاں) حافظ نعیم الرحمن یا مرتضی وہاب صدیقی میں سے کون میئر کراچی ہوگا، میئر کراچی کیلئے انتخابی دنگل آج سجے گا، کراچی میں آج ہونے والے میئر کراچی کے انتخاب کیلئے وزرات داخلہ نے رینجرز تعیناتی کی منظوری دیدی جبکہ الیکشن کمیشن نے بھی ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے 27ویں میئر کا انتخاب آج (15جون) ہوگا جس میں پیپلز پارٹی کے امیدوار بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن کے درمیان سخت مقابلےہوگا، میئر کراچی کا تاج کس کے سر سجے گا، اس کا فیصلہ آرٹس کونسل کراچی میںآج منعقدہ انتخابی دنگل میں ہوگا۔ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب میئر کراچی کے انتخاب کیلئے پولنگ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مرکزی دفتر کی بجائے آرٹس کونسل میں ہورہی ہے، حیدرآباد و سکھر میں پیپلز پارٹی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے،حیدرآباد میں کاشف شورو ، صغیر قریشی،سکھر میں ارسلان شیخ،ارشد مغل کامیاب قرار پائے، نوابشاہ میں بھی پی پی کے امیدوار منتخب ہوگئے،الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع شہید بینظیر آباد کے میئر قاضی عبدالرشید بھٹی، ڈپٹی میئر مبشر آرائیں، ضلع کونسل کے چیئرمین علی اکبرجمالی، وائس چیئرمیں عبدالرسول بروہی سمیت دس ٹان کمیٹیوں کے نتائج جاری کردیئے گئے ہیں۔10 ٹانز میں ایچ ایم خواجہ ٹان، اولڈ نواب شاہ ٹان، سکرنڈ، دوڑ، باندھی، قاضی احمد، دولت پور، شاہ ہورجہانیاں، بوچھیری، جام صاحب کے تمام چیئر مین اور وائس چیئرمین بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔