اسلام آباد / باکو (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) آذر بائیجان پاکستان کو سستی ایل جی دے گا ، آئندہ ماہ سے رعایتی ایل این جی کارگو آنا شروع ہوجائیں گے ، آذربائیجان کی قومی ایل این جی کمپنی ہر ماہ رعایتی نرخ پر ایک ایل این جی بھجوائے گی ۔ دونوں ممالک نے زراعت ، ٹرانسپورٹ ، دفاع ، تجارت میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف آزربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا۔ صدر علیوف نے کہا کہ مشترکہ فوجی مشقیں بڑھائیں گے ۔ گارڈ آف آنر پیش کرنے کے موقع پر وزیراعظم شہباز نے میزبان کے ساتھ روسی زبان میں بات چیت کی، جس پروہاں موجود مہمان اور میزبان سب ہی خوشگوار طور پر حیران ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آذربائیجان نے باہمی تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا، آذربائیجان پاکستان کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کریگا ۔ جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے 2روزہ سرکاری دورہ کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گوادر کے ذریعے قریبی ممالک کے ساتھ تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔