اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان پُراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے۔ اہلخانہ کی جانب سے تھانہ کوہسار میں تلاش میں مدد کے لئے درخواست دیدی گئی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ جمعرات شام کو گھر سے نکلنے کے بعد واپس نہیں آئے۔ تحریری درخواست اعظم خان کے بھتیجے کی طرف سے دی گئی ہے۔ جن کے مطابق اعظم خان کا موبائل نمبر بھی بند ہے۔ کوہسار پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔ جس کے بعد مقدمے کا فیصلہ ہوگا۔ ترجمان کیپیٹل پولیس کا موقف ہے کہ اعظم خان کی گمشدگی کے حوالے سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ درخواست دہندہ متعلقہ تھانہ سے رابطہ کرے تاکہ قانونی کارروائی کی جاسکے۔ پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اعظم خان کے حوالے سے کسی کے پاس کوئی بھی اطلاع ہوتو پکار 15 پر اطلاع دیں۔