• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ یونان پر قوم افسردہ، آج یوم سوگ منایا جائے، وزیراعظم، انسانی اسمگلرز کیخلاف کریک ڈاؤن شروع

لاہور( ایجنسیاں)سانحہ یونان پر پوری قوم حیران وافسردہ ‘ریسکیو کئے گئے افراد کے بیانات کے ذریعے 14 پاکستانی انسانی اسمگلرز کے نام سامنے آئے ہیں‘ گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل‘ ایف آئی اے نے ملک بھر میں انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ‘یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو بیرون ملک بھجوانے والے مرکزی کردار طلحہ شاہ زیب کو شیخوپورہ سے گرفتار کرلیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یونان میں کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر آج ( پیر) کے روز یوم سوگ کا اعلان کردیا جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لئے چار رکنی اعلیٰ سطح کمیٹی بھی تشکیل دیدی ۔

شہباز شریف نے واقعے کی انکوائری کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے‘انسانی اسمگلنگ جیسے گھناؤنے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈاؤن اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

وزیرِ اعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کی معلومات و سہولت کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دیا۔

ادھر یوم سوگ کے حوالے سے آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور جاں بحق ہونے والوں کے لئے خصوصی دعا کی جائے گی ۔

نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ) جاوید احمد عمرانی ،آزادجموں وکشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیراحمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری (ایف آئی اے)فیصل نصیر بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی،انسانی اسمگلنگ کے پہلو ؤںکی تحقیق ہوگی اور ذمہ داروں کا تعین کیاجائے گا۔ایسے واقعات کا سبب بننے والے افراد، کمپنیوں اور ایجنٹوں کو سخت ترین سزائیں دینے کے لئے قانون سازی ہوگی ،کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی ،کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

علاوہ ازیں وزیرِ اعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لوگوں کو جھانسہ دے کر خطرناک اقدامات پر مجبور کرنے والے انسانی اسمگلروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی۔

چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر نے بھی پاکستانی سفارتخانے اور یونانی حکام سے رابطے اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی معلومات کیلئے فوکل پرسن تعینات کر دیا۔

ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق انسانی اسمگلرز میں سے 5کا تعلق گجرات سے ہے جن کے نام شفقت، فیصل سنیارا، آصف سنیارا، حاجی ذوالفقار اور میاں عرفان ہیں۔ذرائع کے مطابق انسانی اسمگلرز ریاست اور جاوید اقبال کے نام بھی سامنے آئے ہیں جبکہ منڈی بہاؤالدین کے ساجد وڑائچ اور مدثر کا نام بھی سامنے آیا ہے۔

ایف آئی اے کے ذرائع نے اس حوالے سے کہا کہ ڈسکہ کا رانا نقاش اور عابد سکنہ کے نام بھی انسانی اسمگلرز کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید