کراچی(اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں)پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں جیت کو شہید بے نظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کے تمام شہداء کے نام کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شہر ایک فون کال پر چلتا تھا مگر جیالے ان کے سامنے کھڑے رہے‘جماعت اسلامی کا سانحہ 9مئی کے ذمے دار سے زمان پارک میں ملاقات کا مقصد کراچی پر قبضہ کرنا تھا‘ اللہ کا شکر ہے کراچی پر قبضے کی سازش ناکام ہوئی‘ جماعت اسلامی کو مشورہ ہےوہ ملکر کام کرے ‘ ڈکٹیٹر کا دور اب ختم ہو چکا ہے‘ہم الیکشن نہیں چھینتے ‘دھاندلی کا الزام لگانے والوں کو اپنی محنت اورکارکردگی سے جواب دینگے‘ہم کراچی والوں کے اعتماد پر پورا اتریں گے‘ مسلم لیگ(ن)سے کوئی سیاسی اختلاف نہیں‘مسلم لیگ کے ساتھ پالیسی پر اختلاف ہو سکتا ہے‘ذاتی مخالفت نہیں ہوگی ‘ ہمیں غیرمتنازعہ مردم شماری چاہیے‘مجھے مستقبل میں بھی (ن) لیگ کے ساتھ کوئی اختلاف ہوتا نظر نہیں آرہا، نواز شریف اورشہید بینظیر کے میثاق جمہوریت کے تحت سیاست کو آگے لیکر چلیں گے‘ نفرت اور لسانی سیاست کرنے والے شکست کھا چکے ہیں، عام انتخابات آنے والے ہیں، جلد اپنا منشور عوام کے سامنے رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےکراچی کے پولو گراؤنڈ میں میئر اور ڈپٹی میئر کی تقریب حلف برداری سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے میئر اور ڈپٹی میئر کراچی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو شہر کی علامتی چابی پیش کی۔بلاول بھٹونے کہا ہے کہ کشمیر سمیت ملک بھر میں ہر جگہ پیپلز پارٹی کے نمائندے جیت رہے ہیں جبکہ ماضی میں پیپلز پارٹی کا راستہ روکا گیا‘ہم اس شہر میں نفرت اور انتہاپسندی کی سیاست کا مقابلہ کئی نسلوں سے کرتے آرہے ہیں۔ ملک کو تمام مسائل سے کراچی ہی نکال سکتا ہے‘یہاں کے مسائل سے متعلق ذاتی دلچسپی لوں گا ، اس بات کا بھی جوابدہ ہوں گا کہ میں نے5سال میں کے ایم سی میں کیا کام کرائے، ہم نے کراچی کے چپے چپے میں مل کر کام کرنا ہے اورنفرت کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہے۔کراچی کے مسائل صوبائی حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت کو بھی حل کرنا ہونگے‘ٹیکس بلدیاتی ادارے لگائیں گے تو بہت زیادہ ٹیکس وصول ہوگا۔ بلدیاتی نمائندوں میں کوئی فرق نہیں، عوام تقسیم کی سیاست کو رد کردیں، کے ایم سی اپنا پراپرٹی ٹیکس جمع کرسکتی ہے، اس طرح کے ٹیکسز جمع کرنے کا اختیار بلدیاتی اداروں کو دینے سے بہتری آئے گی۔بلاول کا مزیدکہناتھاکہ ہم سے الیکشن چھینے جاتے ہیں، مگر ہم الیکشن نہیں چھینتے، ماضی میں دھاندلی، زور زبردستی کے ذریعے پیپلز پارٹی کو کراچی میں میئر بنانے سے روکا گیا، آج جب سہولت کاروں کے دور کا خاتمہ ہوا تو پیپلز پارٹی کے جیالے جیت رہے ہیں اور مسلسل جدوجہد کے بعد پیپلز پارٹی نے شہر میں نفرت اور انتہا پسندی کی سیاست کا خاتمہ کردیا۔