اسلام آ باد(نیوز ایجنسیاں) پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کا ساڑھے 6 ارب ڈالر کا قرض پروگرام ختم ہونے میں صرف 10 روز باقی رہ گئے ، تاحال مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم نہ ہوسکا،اسٹاف لیول معاہدے پر بھی کوئی پیش رفت بھی نہ ہوسکی، وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی بحالی کے لئے برطانوی ہائی کمشنر سے مدد طلب کر لی۔
برطانوی ہائی کمشنر آئی ایم ایف سے پروگرام بحالی کیلئے بات چیت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی بحالی کے لیے وزیر خزانہ اسحاق ڈار متحرک ہوگئے۔
وزیرخزانہ نے برطانوی ہائی کمشنر سے ورچوئل ملاقات کی جس میں اسحاق ڈار نے برطانوی ہائی کمشنر کو موجودہ معاشی صورتحال کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف سے تعطل کا شکار معاہدہ بارے آگاہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر خزانہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو آئی ایم ایف سے معاہدے کرنے میں مدد کی درخواست کی ہے جس پر برطانوی ہائی کمشنر نے وزیرخزانہ کو آئی ایم ایف سے معاہدہ کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے، برطانوی سفیر آئی ایم ایف سے پروگرام بحالی کیلئے بات چیت کریں گے۔
آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب نہ ہونے کے بعد وزیرخزانہ مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقاتیں کرچکے ہیں اور انہیں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات سے آگاہ کیا، وزیرخزانہ کی سفارش پر مختلف ممالک کے سفیر بھی آئی ایم ایف سے بات چیت کریں گے۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی معاشی ٹیم آئی ایم ایف کو بیرونی فنانسنگ کے انتظامات پر بھی قائل نہ کرسکی۔