اسلام آباد (مہتاب حیدر) تعطل کا شکار آئی ایم ایف پروگرام کو بحال کرنے کی آخری کوشش میں وزیر اعظم شہباز شریف نے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) آئی ایم ایف سے 22 اور 23 جون 2023 کو ہونے والی آئندہ پیرس سمٹ کے موقع پر ملاقات کے لیے درخواست کی ہے۔
اعلیٰ عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا کہ اگر یہ درخواست مسترد ہوجاتی ہے تو پھر 6.7 ارب ڈالرز کی توسیعی فنڈ سہولت کے تحت فنڈ پروگرام کو بحال کرنے کا امکان ناکام ہو جائے گا۔ تاہم امید ہے کہ اگر ملاقات ہوتی ہے اور دونوں فریقین میں کوئی پیش رفت ہوتی ہے تو آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔
دریںاثناء وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برطانیہ کے وزیر مملکت برائے خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقی کے دفتر کے ایچ ای اینڈریو مچل سے ایک ورچوئل میٹنگ کی۔
پاکستان کی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق اینڈریو مچل نے یونان میں کشتی الٹنے کے حالیہ واقعے میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے تعزیت پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ غیر قانونی انسانی اسمگلنگ دنیا بھر میں ایک بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے اور اسے جلد از جلد ختم کرنے کی ضرورت ہے۔