اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ڈھانچے کی اصلاحات طویل عرصہ سے ایک اہم مطالبہ رہا ہے،اس نظام کو نمائندہ اور مساوی بنانے کیلئے اس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے، فرانس کے دورہ کے دوران انسانیت کو درپیش عصری چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے والمی مالیاتی اداروں کی تنظیم نو کی ضرورت پر پاکستان کا موقف رکھوں گا،شہباز شریف اپنے دورہ فرانس کیلئے پیرس پہنچ گئے۔پیرس ایئر پورٹ پر پاکستانی سفیر، اعلی فرانسیسی حکام اور پاکستانی سفارتی حکام نے وزیرِ اعظم کا پر تپاک استقبال کیا۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے کی اصلاحات طویل عرصے سے ایک اہم مطالبہ رہا ہے جو عوامی پالیسی کے ماہرین، پالیسی پریکٹیشنرز اور عالمی رہنماؤں کی طرف سے مختلف فورمز پر کیا گیا ہے۔