اسلام آباد(نمائندہ جنگ)احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وغیرہ کے خلاف نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس کی سماعت13 جولائی تک ملتوی کردی۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ دوران سماعت شریک ملزمان کے وکلا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خورشید انور جمالی کنسلٹنٹ تھا، اس کیس کیلئے فورم اینٹی کرپشن بنتا ہے، پبلک آفس ہولڈر پر کوئی الزام نہیں، جو کچھ ہوا صوبہ سندھ میں ہوا، اس سب کا اسلام آباد سے کوئی تعلق نہیں۔ مراد علی شاہ کے وکیل نے کہا کہ عدالت کو صرف کابینہ کی جانب سے فیصلے دکھانا چاہتا ہوں، اگر اینٹی کرپشن سندھ کو معاملہ ٹرانسفر کردیا جائے تو کوئی مسئلہ نہیں۔ وکلا کا کہنا تھا کہ عدالت اگر چاہے تو معاملہ متعلقہ ادارے کو بھیج سکتی ہے۔