واشنگٹن(نیوز ایجنسی ) دورہ امریکا کے دوران امریکی صدر جوبائیڈن کے سامنے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے صحافی نے مسلمانوں کے حقوق کا سوال پوچھ لیا ، مودی پریشان ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاوس میں دونوں ممالک کے سربراہان میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے کہ اس دوران امریکی صحافی نے نریندر مودی سے پوچھا کہ بھارت مذہبی اقلیتوں کے حقوق کو بہتر بنانے کے لیے کیا کرے گا؟ اس سوال کو سن کر بھارتی وزیراعظم نے کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد جواب دیا۔ بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ کی باتوں پر حیران ہوں، ہم جمہوریت ہیں، جمہوریت ہماری روح اور ہمارے خون کا حصہ ہے۔ ہم جمہوریت میں رہتے اور سانس لیتے ہیں اور یہ ہمارے آئین میں ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ اگر انسانی اقدار اور انسانی حقوق نہیں ہیں تو جمہوریت نہیں ہے، جب ہم جمہوریت میں رہتے ہیں تو امتیازی سلوک کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔