پشاور ( جنگ نیوز )ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں انتظامی افسران، ائیر فورس افسران، سول ایوی ایشن اتھارٹی افسران، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ، ڈبلیو ایس ایس پی، ٹی ایم اے، لائیو سٹاک، ہیلتھ، اوقاف، لوکل گورنمنٹ اور سول ڈیفنس سمیت دیگر محکموں کے افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی اجلاس میں صوبائی دارلحکومت پشاور کے تمام علاقوں میں عموماََ اور ائیر پورٹ کے اطراف میں خصوصاََ عید الاضحی کے دنوں میں صفائی کی صورتحال کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلے کیے گئے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں و باقیات کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے گا اور اس میں تمام متعلقہ محکمے شریک ہوں گے اور انتظامی افسران اپنے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صفائی کی بہتر صورتحال پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے اور ائیر پورٹ کے ارد گرد علاقوں میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے گا تاکہ پرندوں کی وجہ سے طیاروں کو نقصان نہ پہنچے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے انتظامی افسران کی ہدایت کی کہ عید کے دنوں میں اپنے علاقوں میں صفائی کی کارروائیوں کی بذات خود نگرانی کریں انھوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ ڈبلیو ایس ایس پی کے مقرر کردہ پوائنٹس پر ہی قربانی کے جانوروں کی آلائشیں و باقیات کو پھینکیں تاکہ پشاور کو صاف ستھرا بنایا جا سکے اور یہ ہم سب کے تعاون سے ہی ممکن ہو سکے گا