• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم جوڈیشل کونسل میں ججز کیخلاف کارروائی کی درخواست، سپریم کورٹ نے خارج کردی

اسلام آباد(جنگ نیوز،نیوز ایجنسیاں) سپریم کورٹ نے جوڈیشل کونسل میں ججز کیخلاف کارروائی کی درخواست خارج کردی۔ سپریم کورٹ نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل ایسے جج کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتی جو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو چکا ہو۔ عدالت عظمیٰ کے جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، جسٹس منیب اختر نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ درخواست گزار نے جوڈیشل کونسل کی کارروائی ریگولیٹ کرنے سے متعلق درخواست دائر کر رکھی تھی، سپریم کورٹ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے حوالے سے 13جون کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکیخلاف ریفرنس جاری رکھنے کی درخواست خارج کردی۔ درخواست گزار نے سپریم جوڈیشل کونسل میں ججز کے خلاف شکایت آنے پر فوری کارروائی شروع کرنے کے احکامات دینے کی استدعا کر رکھی تھی۔یاد رہے کہ 13 جون 2023 کو جوڈیشل کونسل کی کارروائی ریگولیٹ کرنے سے متعلق درخواست پر سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔دوران سماعت جسٹس منیب اختر نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ 209 میں جج کو عہدے سے ہٹانے کی بات کی گئی ہے لیکن جج ہٹ جائے تو کچھ نہیں لکھا، درخواست گزار چاہتا کیا ہے کیا کونسل کو عدالت ہدایات دے۔جسٹس منیب اختر نے یہ ریمارکس بھی دیے تھے کہ فٹا فٹ جج کیخلاف کارروائی کرنے سے کیا فیئر ٹرائل کا حق متاثر نہیں ہو گا، جج کا وقار ہے اور حقوق ہیں کیا چاہتے ہیں کہ جج کیخلاف شکایت آنے پر فوری کارروائی کرنی چاہیے، آج کل شکایت کونسل کے پاس جانے سے پہلے سوشل میڈیا پر چل جاتی ہیں، سنجیدہ معاملہ ہونے کی وجہ سے کیس کو توجہ سے سن رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید