کراچی (جنگ نیوز) سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کی ڈرامہ سیریل ”تیرے بن“ اپنے اختتام پر گامزن ہے جس کی مقبولیت نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ڈرامے کی سیکنڈ لاسٹ قسط بدھ کی رات 8 بجے ”جیو ٹی وی“ سے نشر کی جائے گی۔ڈرامہ سیریل نے نا صرف ریٹنگ چارٹ پر گزشتہ تین سال میں سب سے بلند 18.6 کی بلند ترین سطح کو چھوا بلکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب پر مجموعی طور پر اپنی اقساط، پروموشن اور او ایس ٹی کے ساتھ 2.9 بلین ویوز کے ساتھ اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ بدھ کو ڈرامے کی سیکنڈ لاسٹ قسط میں ایسا موڑ آنے والا ہے جو کرداروں کی زندگی بدل دے گا۔ سراج الحق کی ہدایات میں عکس بند کی گئی نوراں مخدوم کی کہانی میں وہاج علی اور یمنی زیدی نے اپنے ناظرین کے ساتھ جذباتی رشتہ استوار کرلیا ہے۔ ڈرامے کا ساؤنڈ ٹریک شانی ارشد کی کمپوزیشن اور نرمل رائے کی سنگ آواز کے جادو سے صابر ظفر کے لکھے گئے گیت کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب پر 52 ملین سے زائد ویوز کی پذیرائی کسی سحر انگیزی سے کم نہیں۔ آئندہ نشر ہونے ولی قسط میں میرب کی منتظر مرتسم کی محبت ”ماں بیگم “کے فیصلے کے سامنے سمجھوتہ کرتی نظر آئے گی لیکن پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی عین حیا سے نکاح کے وقت کہانی کی بساط پلٹنے والے ہیں۔ اب دیکھنا ہوگا کہ کیا میرب کو اپنے سامنے دیکھ کر سکتے میں کھڑا مرتسم اپنے غصے کا اظہار کرے گا یا میرب کے اچانک آجانے سے ملنے والی خوشی مرتسم کی محبت کو سرشار کرے گی۔