• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان مذاکرات کیخلاف نہیں، سرپرائز دے سکتے ہیں، شعیب شاہین

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کی مجھے بہت زیادہ امید ہے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، اگست میں حکومت کی آئینی مدت ختم ہونے کے بعد نگراں سیٹ اپ قائم ہوگا،عمران خان کی اپنی انا انہیں لے بیٹھی ہے۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں رکن کمیٹی تحریک انصاف شعیب شاہین،بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے رہنما ثناء اللہ بلوچ اور سینئر صحافی و تجزیہ کار مظہر عباس بھی شریک تھے۔ شعیب شاہین نے کہا کہ عمران خان نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا کوئی بھی سرپرائز دے سکتے ہیں، عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں ان پر ملک کو بچانے کی زیادہ ذمہ داری آتی ہے۔ثناء اللہ بلوچ نے کہا کہ عمران خان جیسے ناکام تجربے بلوچستان میں بیس سال سے کئے جارہے ہیں،سردار اختر مینگل کو مخدوش صورتحال کی وجہ سے گھر میں محصور کردیا گیا ہے، سردار اختر مینگل کے گھرکے اردگرد مورچے بنائے گئے ہیں، بلوچستان کے سیاسی تنازع کو سیاسی بنیاد پرحل کرنے کے بجائے اسلام آباد نے اپنی حکمت عملی اپنائی، اسلام آباد نے مختلف علاقوں میں جتھے قائم کر کے یہ سیاسی مسئلہ دبانے کی کوشش کی جو ناکام ہوئی۔ مظہر عباس نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اگر وزیراعظم اور سابق صدر کو فون کریں تو انہیں ریسیو کرنا چاہئے،صرف چیئرمین پی ٹی آئی ہی کیوں سابق صدر اور وزیراعظم بھی انہیں فون کرسکتے ہیں،وفاقی حکومت، وزیراعظم شہباز شریف بتائیں صحافی عمران ریاض خان کدھر ہیں۔وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نےکہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کی مجھے بہت زیادہ امید ہے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، معاشی تنگی کے باوجود بجٹ میں تنخواہوں میں 35فیصد اضافہ کیا گیا ہے، اگست میں حکومت کی آئینی مدت ختم ہونے کے بعد نگراں سیٹ اپ قائم ہوگا۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بہت عرصہ تک پارلیمنٹ کے فلور سے پی ٹی آئی کو میثاق معیشت پر بات کرنے کی دعوت دیتے رہے ہیں، شہباز شریف اپوزیشن اور حکومت دونوں پوزیشنز سے مذاکرات کی دعوت دیتے رہے مگر عمران خان نے کیا جواب دیا، عمران خان کی اپنی انا انہیں لے بیٹھی ہے۔
اہم خبریں سے مزید