مانچسٹر (نمائندہ جنگ) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے فروغ نسیم کو اپنا نیا مشیر نام زد کرنے پر اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ ملک میں پچاس مشیر کیا کم تھے جو فروغ نسیم جیسے بے ضمیر شخص کو بھی شہباز شریف نے اپنا مشیر مقرر کر دیا ہے۔ اپنی رہائشگاہ میں صحافیوں کے وفد سے بات چیت کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز، زرداری اور نیازی میں کوئی فرق نہیں ہے، یہ تینوں ایک ہی تھیلی کے چٹے بٹے ہیں، کیا وجہ ہے کہ عمران جو کام کرے تو وہ غلط اور وہی کام یہ کریں تو درست ہے۔ مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی ہے، ٹیکسوں کی بھرمار ہےاور غریب ملک کے یہ شاہ خرچ سیاستدان کشکول لےکر ساری دنیا میں گھوم رہے ہیں۔ سینیٹ میں پاس ہونے والے حالیہ بل کے حوالے سے عمر توحیدی نے کہا کہ ان بے ضمیر سیاستدانوں کی حب الوطنی اور عوام دوستی کا اس اقدام سے ہی اندازہ لگائیں کہ چیئرمین سینٹ سنجرانی نے ملکی خزانے کو اپنی جاگیر سمجھ کر اپنے لیے شاہانہ اخراجات کا سرکاری پیکج منظور کر والیا ہے، سینیٹ کے وہ تمام ممبران جنہوں نے اس بل کو منظور کیا وہ سب ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہیں، ان کے عوام مخالف اقدامات سے لگتا ہے کہ مستقبل میں ان کا پاکستان میں رہنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔