اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) حکومت پاکستان نے قونصلر رسائی سے متعلق 2008کے معاہدے کی دفعات کے مطابق ہفتہ کو پاکستان میں موجود 308بھارتی قیدیوں (42 سویلین اور 266 ماہی گیروں) کی فہرست اسلام آباد میں بھارت کے ہائی کمیشن کے حوالے کردی۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی حکومت نے بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کردی۔ فہرست کے مطابق بھارت کی جیلوں میں کل 417پاکستانی (343شہری اور74 ماہی گیر) قیدی ہیں۔ بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ان تمام پاکستانی شہری قیدیوں اور ماہی گیروں کو رہا کرے اور وطن واپس بھیجے جو اپنی متعلقہ سزا پوری کرچکے ہیں اور ان کی قومی حیثیت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ پاکستان اور بھارت ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی حراست میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔ یہ تبادلہ قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت ہوتا ہے جس پر 21 مئی 2008 کو دستخط ہوئے تھے۔