• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی نے بہت زیادہ مشکلات دیکھیں، ہمیشہ جمہوریت کیلئے جدوجہد کی، بلاول

ٹوکیو (عرفان صدیقی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بہت زیادہ مشکلات دیکھیں اور ہمیشہ جمہوریت کیلئے جدوجہد کی لیکن کبھی ریڈ لائن کراس نہیں کی 9مئی جمہوری تاریخ کا سیاہ باب ہے ، پاکستان جاپان سے بہترین معاشی تعلقات کا خواہاں ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دورہ جاپان کے موقع پرٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9مئی کا واقعہ پاکستانی کی جمہوری تاریخ کا سیاہ باب ہے اور جمہوری احتجاج کے نام پر فوجی تنصیبات پر حملوں کی کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی ، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ صیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بہت زیادہ مشکلات دیکھیں ہیں لیکن کبھی بھی ریڈ لائن کراس نہیں کی بلکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کے لیے جدوجہد کی ہے۔ پاکستان اور جاپان کے تعلقات کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان جاپان کے ساتھ بہترین معاشی تعلقات کا خواہاں ہے اور ہم جاپان کو افرادی قوت کی برآمد کرکے پاکستانیوں کے لیے باعزت روزگار چاہتے ہیں، جاپان افرادی قوت کے سیکٹر میں بہت گنجائش ہے اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کی عوام خاص کرکہ نوجوان اس کا فائدہ اٹھاسکیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دورے کا مقصد یہ ہے کہ ہم ہر طریقے سے پاکستان کے عوام کے لئے اور جاپان میں جاپان کے عوام کے لئے دو طرفہ تعلقا ت اور معاشی تعلقات میں اضافہ کر کے ایک دوسرے کے عوام کو فائدہ پہنچائیں۔ ددست ممالک کے ساتھ تعلقات پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے مفاد میں یہی بہتر ہے کہ ہم کسی بھی قسم کی بلاک سیاست کا حصہ نہ بنیں اور ہم کسی ایک کے ساتھ تعلقات کر کے نہ رہ جاہیں بلکہ سب کے ساتھ تعلقات رکھنا چاہیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید ایڈوکیٹ نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی گزر جانے والی سالگرہ کا کیک بلاول بھٹو زرداری سے کٹوایا ، اور بلاول بھٹو زرداری کے دورے کو پاکستان اور جاپان کے درمیان تاریخی دورہ قرار دیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید