پشاور ( وقائع نگار ِ)پشاور کوہ دامان کے عوام نے عید الاضحیٰ کے موقع پر بجلی کی بندش کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے پیسکو اور واپڈا حکام کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے کوہ دامان کے عوام اور سماجی حلقوں نے بجلی وولٹیج کم و زیادہ کرنے اور شیڈول میں تبدیلیو،ں کی وجہ سے اموات کے ذمہ دار واپڈا اور پیسکو حکام قرار دیئے ہیں اس سلسلے میں کوہ دامان پشاور کے سماجی رہنماء شوکت خان ادیزئی، ناظم ادیزئی امان اللّٰہ اور نور محمد ٹھیکیدار نے کہا کہ متنی، ادیزئی یوسف خیل، اضاخیل، مریم زئی، شریکیرہ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں عید قربان کے موقع پر بجلی بند رہی اور کئی گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ان کا کہنا تھا حکومت نے اعلان کیا تھا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی لیکن اس کے باوجود مذکورہ علاقوں میں عوام کو بجلی بندش کی صورت میں اذیت دی گئی جو افسوسناک ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نوٹس لے کر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے اور بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کرانے پر پیسکو اور واپڈا حکام کے خلاف کارروائی کرے