اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کی بدولت ہمیں سنبھلنے کیلئے 9 ماہ کی مہلت ملی ہے،آئی ایم ایف سے پہلی قسط ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر جولائی میں موصول ہوگی،IMF سے معاہدہ لمحہ فخریہ نہیں ،لمحہ فکریہ ہے، دعا ہے یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو، سعودیہ اور یو اے ای سے ڈالر لانے میں آرمی چیف جنرل عاصم منیرکا کلیدی کردار رہا، عام آدمی نہیں اشرافیہ، صنعت کاروں سمیت سب کو قربانی دینا ہوگی، ہماری مسلسل محنت سے پاکستان کی ترقی کے بیج جڑ پکڑنا شروع ہوگئے، 15سے 20سال ملکر کام کرینگے تو کامیابی قدم چومے گی، سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد تیزی سے بحال ہو رہا ہے،پاکستان کو قرضے کی منظوری کیلئے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 12 جولائی کو ہوگا، عوام کو مہنگائی سے نجات دلائینگے، نواز شریف نے معاشی ترقی کا سفر جہاں چھوڑا تھا وہیں سے دوبارہ آغاز ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب اور ایک بیان میں کیا۔ کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے وزیراعظم نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے چند دن قبل آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کا معاہدہ بے پناہ کاوشوں کے باعث منطقی انجام تک پہنچا، اس کامیابی پر کابینہ کے تمام اراکین بالخصوص وزیر خزانہ، انکی ٹیم اور متعلقہ وزارتوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انکی شبانہ روز محنت سے آئی ایم ایف کے ساتھ 9 ماہ کا اسٹینڈ بائی معاہدہ ہوا ہے، اس معاہدہ سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر ملیں گے۔