• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر سید عدیل احمد

سینئر لیکچرار ، بحریہ یونیورسٹی ڈینٹل کالج

دانتوں کے مابین (انٹر ڈینٹل) صفائی کے لیے آلات خصوصی طور پر اس لیے تشکیل دئیے جاتے ہیں، تا کہ دانتوں کے درمیان موجود خلاء کو صاف رکھا جاسکے۔ ان جگہوں تک عمومی طور پر برش کے ذریعے رسائی مشکل ہوتی ہے اور یہاں کھانا پھنسنے اور پلاق جمنے کا زیادہ اندیشہ ہوتا ہے۔ انٹر ڈینٹل صفائی کے مخصوص آلات کے ذریعے آپ ان خلاؤں کی موثر صفائی کرسکتے ہیں اور معیاری ذہنی صحت برقرار رکھ سکتے ہیں۔ دانتوں کے مابین صفائی کے کچھ آلات اور ان کی افادیت کا ذیل میں تذکرہ کیا جا رہا ہے۔

…ڈینٹل فلوس…

یہ نائلون یا پلاسٹک سے بنی ایک باریک ڈوری ہوتی ہے جسے ہم دانتوں کے مابین خلاء میں ڈال کر خلال کرنے سے غذائی ذرّات اور پلاق کی صفائی کرتے ہیں۔ فلاس بے انتہا ضروری ہے، کیوں کہ اس سے ہم ان جگہوں سے پلاق کا صفایا کرتے ہیں جہاں برش سے رسائی مشکل ہوتی ہے اور کیڑا لگنے، مسوڑھوں کے امراض اور دہنی تعفن سے محفوظ رہتے ہیں۔

بین الدندان (انٹر ڈینٹل) برشز

یہ چھوٹے چھوٹے برشز ہیں جن کا سرا چھوٹا اور ہینڈل لمبا ہوتا ہے۔ یہ دانتوں کے مابین خلاء میں پھنس کے موثر صفائی کے لیے تشکیل دیئے جاتے ہیں۔ یہ ان لوگوں کے لیے خصوصی طور پر سود مند ہیں جن کے دانتوں کے بیچ فاصلہ زیادہ ہو اور انہیں فلوس کے استعمال میں دشواری پیش آتی ہے۔ یہ پلاق اور غذائی ذرّات کو صاف کرتے ہیں اور دوبارہ قابلِ استعمال ہوتے ہیں۔

…ڈینٹل پِکس…

یہ چھوٹی اور باریک لکڑی یا پلاسٹک کی بنی ہوتی ہیں جن کے سرے نوکیلے ہوتے ہیں۔ یہ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے مفید ہوتی ہیں جن کے دانتوں میں بریسز یا دیگر چیزیں لگی ہوں جن سے فلوس کرنے میں دشواری پیش آتی ہو۔

… واٹر فلوسر…

یہ آلات پانی کی ایک دھار کے ذریعے دانتوں کے بیچ خلاؤں کو صاف کرتے ہیں۔ یہ ان لوگوں کے لیے مفید ہے جن کے مسوڑھے حساس ہوں یا جنہیں روایتی فلوس کے استعمال میں دشواری پیش آتی ہو۔

…انٹر ڈینٹل اسٹمیولیٹر…

یہ ربر یا پلاسٹک کی بنی ٹِپس ہوتی ہیں جو مسوڑھوں کو محرک (اسٹمیولیٹ) کر کے ان کامساج کرتی ہیں اور ساتھ ساتھ پلاق کو بھی صاف کرتی ہیں۔ یہ مسوڑھوں کی بیماریوں میں خاص طور پر سود مند ثابت ہوتی ہیں۔

…ایئر فلوس…

یہ تیز ہوا کا دباؤ یا ہوا اور پانی کے امتزاج کو استعمال کرتے ہوئے دانتوں کے بیچ سے پلاق اور غذائی ذرّات کو صاف کرتے ہیں۔ یہ ان لوگوں کے لیے ایک اور متبادل ہے جو روایتی فلوس کے استعمال میں دقت محسوس کرتے ہیں۔ دانتوں کے مابین صفائی کے ان سارے آلات کے اپنے انفرادی مقاصد ہیں، لیکن ان سب کا مشترکہ ہدف دانتوں کے مابین خلاؤں کو صاف رکھنا اور منہ کی صحت برقرار رکھنا ہے۔ 

ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ اپنے لیے سب سے موثر آلے کا انتخاب کریں اور دانتوں کے مابین صفائی کو روزمرہ کی صفائی کا لازمی جزو بنائیں۔ دانتوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ ان آلات کا باقاعدہ استعمال دانتوں میں کیڑا لگنے، مسوڑھوں کے امراض اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔

صحت سے مزید