اسلام آباد(ایجنسیاں)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سوئیڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی جبکہ آج ملک بھر میں یوم تقدیس قرآن منایا جائے گا.
سویڈن واقعہ پر ملک گیر احتجاج اور ریلیاں ہوں گی‘ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کی اشتعال انگیز کارروائی کا مقصد مسلمانوں اور عیسائیوں کو آپس میں لڑانے کی سازش ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے‘
اگر آئندہ کسی نے ایسی ناقابل برداشت حرکت کرنے کی کوشش کی تو کوئی ہم سے گلہ نہ کرے‘قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے مطالبہ کیا کہ سویڈن حکومت پوری امت مسلمہ سے معافی مانگے‘ لعنتی کو سخت سے سخت سزا دی جائے ‘ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ایسے واقعات کے سدباب کے لئے ہمیں دنیا کے ہر فورم پر پوری قوت کے ساتھ آواز بلند کرنی چاہیے‘
اگر کسی کو بولنے کی آزادی ہے تو سننے والے کے حقوق کا بھی تحفظ ہونا چاہیے جبکہ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے سویڈن سے عوامی‘ سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کرتے ہوئے سویڈن کے سفیر کو بے دخل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن واقعے کے خلاف مذمتی قرارداد وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے پیش کی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کرتا ہے
سویڈش حکومت واقعے میں ملوث شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرے اور یقین دہانی کرائی جائے کہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہیں ہوں گے۔
قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایوان اسلامو فوبیا کے خلاف کام کرنے کے لیے مؤثر پالیسی بنائے جانے کی حمایت کرتا ہے۔