اسلام آباد (نمائندہ جنگ،ایجنسیز) وزیراعظم شہباز شریف نے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدہ خوشحالی نہیں مجبوری ہے، آئی ایم ایف کا پہلاسٹیپ مکمل ہوگیا ہے 12جولائی کو آئی ایم ایف کیساتھ بورڈ کی میٹنگ ہو گی پاکستان کے اندر اور باہر بیٹھے کچھ مخالفین ملک کے دیوالیہ کیلئے دعائیں مانگ رہے تھے سب کو ملکر پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلئے فیصلہ کرنا ہوگا،کے پی کے لوگوں نے پاکستان کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں ،ان خیالات کااظہارانہوں نےتورغر بونیر شاہراہ، بونیر کڑاکڑ رابطہ سرنگ اور تورغر بونیر آرسی سی پُل کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد قبائلی عمائدین اور مشران سے خطاب اور اپنے ایک ٹویٹ میں کیا، وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے ضلع تورغر کا دورہ کیا جہاں انہیں مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی،وزیراعظم نے تور غر کے عوام کے آباؤ اجداد کی قیام پاکستان اور تربیلا ڈیم کیلئے اپنی زمینوں کی قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا خیبر پختونخوا پاکستان کا خوبصورت صوبہ ہے جسے خدا تعالیٰ نے خوبصور ت پہاڑوں، دریاؤں اور وسائل سے نوازا ہے اور یہاں کے عوام محنتی اور بہادر ہیں اگر گزشتہ ادوار میں علاقے کی ترقی کیئے کام کیا گیا ہوتا تو یہ خوبصورت خطہ اور پاکستان اقوام عالم میں ترقی یافتہ شمار ہوتا لیکن ماسوائے نواز شریف کے سنہرے دور یا دیگر مختصر ادوار میں ان بزرگوں اور شہیدوں کیلئے کچھ نہیں کیا گیا جنہوں نے پاکستان کیلئےجان و مال کی قربانیاں دیں آج ہمارے عظیم بزرگوں اور شہیدوں کی روحیں قبروں میں تڑپ رہی ہونگی کیونکہ یہ وہ پاکستان نہیں جس کیلئے انہوں نے اپنے جان و مال کی قربانی دی، گزرے وقت کا ماتم کرنے کی بجائے اس سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔