کراچی، اسلام آباد (ایجنسیاں، جنگ نیوز) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف پورے ملک میں یوم تقدیس قرآن بھرپور طریقے سے منایا گیا، کراچی سے خیبر تک قوم سراپا احتجاج ہوگئی، کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد لوگ بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور عالمی برادری سے قرآن پاک کی بے حرمتی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، مظاہرین نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیا جائے، لاہور میں مال روڈ سمیت کئی مقامات پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر وکلا نے احتجاج کیا، کراچی میں مختلف تنظیموں نے مظاہرہ کیا۔ وکلاء نے عدالتی بائیکاٹ کیا ،پشاور میں بھی سیاسی، مذہبی جماعتوں اور تاجر برادری نے احتجاج کیا۔ کوئٹہ میں بھی ریلی تقدیق قرآن ریلی نکالی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ قرآن کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کرنے کیلئے آج ہم یک آواز ہیں،سانحہ سویڈن پر پوری امت مسلمہ مضطرب ہے۔ وزیر اعظم نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو فون کیا اور کہا کہ معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے،گوجرانوالہ میں مسیحی برادری بھی احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئی ، فیصل آباد وکلاء نے عدالتی بائیکاٹ کیا اورسرگودھا میں وکلاء نے ڈسٹرکٹ بار روم سے احتجاجی ریلی نکالی۔