ڈیرہ غازیخان(نمائندہ جنگ)وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کے چیمبرز آف کامرس کے عہدیداروں کا اجلاس،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی ویڈیو لنک پر مسائل سنے اور حل کرنے کے لئے وزیر اعلی آفس میں خصوصی کمیٹی قائم کردی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈالر 250 تک آجائیگا، آئی ایم ایف کی قسط جاری ہونے پر مزید معاشی استحکام آئیگا، تفصیل کے مطابق گزشتہ شب وزیر اعلی پنجاب کے آفس میں پنجاب کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں کا اجلاس وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ویڈیو لنک پر خصوصی شرکت کی اجلاس میں ڈیرہ غازیخان چیمبر آف کامرس کے صدر خواجہ محمد الیاس کی نمائندگی سینئر نائب صدر مرزا محمد ظفر اقبال نے کی۔ انہوں نے اجلاس میں ڈیرہ غازیخان میں سخی سرور روڈ بائی پاس، ڈیرہ تا روجھان انڈس ہائی وے ڈیول کیرج وے کی تعمیر، بنولہ پر ٹیکس کے خاتمے، انڈسٹریل فیڈر کو ویلج فیڈر سے الگ کرنے، غازی یونیورسٹی کو سولر پر منتقل کرنے اور سنڈیکیٹ کی تشکیل اور ڈیرہ غازیخان میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی تجاویز پیش کیں فیڈرل محکموں کے متعلق مسائل اور تجاویز پر فوری ورکنگ اور فالواپ کے لئے وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر اعلی پنجاب نے مشترکہ طور پر سینئر وزیر ایس ایم تنویر کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کردی ہے جو 15 روز میں اجلاس میں پیش کردہ مسائل کے حل اور تجاویز پر رپورٹ پیش کرکے مسائل کو جلد حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی ۔