اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے بیان کو غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کا بیان ہر زاوئیے سے قابل مذمت ہے۔ پارلیمان میں کچھ جان باقی ہوتی تو اس شخص کا محاسبہ و مواخذہ کرتی۔ وزیراعظم شہباز شریف کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم قوم کو بتائے کہ چیئرمین تحریک انصاف کی ہائی کورٹ کی عمارت سے غیرآئینی و غیرقانونی گرفتاری کا حکم کس نے دیا۔ ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ ریاستیں سچ کی آبیاری اور قانون کی بالادستی سے عروج پاتی ہیں۔ علاوہ ازیں مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ ریاستی قوت کے اندھے استعمال سے ملک میں آئین ، قانون اور جمہوری روایات کا جنازہ نکالنے والوں کو لیکچر بازی کرتے ہوئے شرم نہیں آتی۔