کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستانی زائرین کو بسوں کے ذریعے ایران جانے کی اجازت مل گئی ہے ، صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ اس مقصد کے لئےنجی ٹرانسپورٹ بسوں کو رجسٹر کرے گا، صوبائی محکمہ صحت ایرانی ماہرین کو ڈینگی بخار کے ویکٹرز کی اینٹومولوجیکل سرویلنس کے حوالے سے ایک مختصر تربیتی کورس کرائے گا،ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ کی تجویز پر ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ ایرانی حکومت مسافر بسوں، کوچز، کوسٹرز اور پرائیویٹ گاڑیوں کے ذریعے ایران میں زائرین کی آمد پر ر رضامند ہوگئی ہے۔زائرین کو سندھ یعنی کراچی سے چاہ بہار لے جانے کے لیے کم از کم 3ہزاربسوں کی ضرورت ہوگی جس کے لیے صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ نجی ٹرانسپورٹ بسوں کو رجسٹر کرے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہوگا اور دونوں ممالک میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے قونصل جنرل ایچ ای حسن نوریان نے جمعرات کو وزیر اعلیٰ ہاوس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور سندھ اور ایران کے درمیان صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔