کراچی (نیوز ڈیسک)مصنوعی ذہانت کے حامل جدید آرٹ ٹولز کی وسیع دستیابی کے ساتھ، مصنوعی تصاویر کو انتہائی حقیقت پسندانہ انداز سے پیش کرنے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ چاہے فیشن ریمپ پر چلتے ہوئے بزرگ ہوں یا پھر پوپ فرانسس بالنسیگا اسٹائل پفر جیکٹ پہن کر جھوم رہے ہوں۔ سب کچھ اے آئی کی مدد سے تیار کیا جاسکتا ہے۔ اسی اے آئی آرٹ کو استعمال کرتے ہوئے لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک آرٹسٹ صبور اکرم نے کم کارڈیشین، ٹموتھی چالمیٹ، کائلی جینر، زندایا، لانا ڈیل رے، بلی ایلش، زین ملک، اور آریانا گرانڈے جیسی مشہور شخصیات کی تصاویر جنوبی ایشیائی پس منظر میں پیش کی ہیں۔ ان شخصیات کو پاکستان کی سڑکوں، بازاروں اور مختلف مقامات پر دکھایا گیا ہے۔ اکرم نے یہ تصاویر پروکریئٹ، مڈ جرنی، فوٹو شاپ اور السٹریٹر جیسے سافٹ ویئرز استعمال کرتے ہوئے تیار کی ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات کو غیر ملکی سرزمین پر اے آئی کی مدد سے مصنوعی تصاویر بنا کر پیش کیا گیا ہو۔