بھارتی اداکارہ مونا سنگھ نے ’کاسٹنگ کاؤچ‘ سے متعلق لب کشائی کردی۔
بھارتی ٹی وی سیریل ’جَسّی جیسی کوئی نہیں‘ میں اپنی پہلی پرفارمنس سے ہی شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی مونا سنگھ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں کاسٹنگ کاؤچ کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن یہ اس وقت کی بات ہے جب وہ آڈیشنز کیلئے پونے سے ممبئی آتی تھی۔
مونا سنگھ نے کہا کہ دو ایسے افراد سے ملاقات ہوئی تھی جن کی موجودگی میں مجھے کوفت ہوتی تھی اور بہت زیادہ خوف محسوس ہوتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین چاہے کتنی بھی معصوم یا کمزور یا کسی بھی عمر میں کیوں نہ ہو، ان کی چَھٹی حس غلط نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ اسی لیے مجھے بھی احساس تھا کہ میں بہت ناموافق صورتحال میں ہوں اور سوچتی تھی کہ اس سے کس طرح بچا جائے، میرے ذہن میں بس یہی چلتا تھا۔
مونا سنگھ کا کہنا ہے کہ یہ معاملات ہر انڈسٹری میں موجود ہیں لیکن ایسی باتوں سے کبھی بھی متاثر ہوکر حوصلہ نہیں توڑنا چاہیے، حوصلہ ٹوٹ جائے تو آپ وہ نہیں کرسکتے جو آپ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اس سب کے باوجود اپنے خواب کو پورا کیا، آج وہ معاملات ہر انڈسٹری میں ہیں لیکن سب کی ذات پر منحصر ہے کہ وہ ایسا کچھ کرنا چاہیں یا اس سے بچ جائیں۔