اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کئی سال کے وقفہ کے بعد چین۔پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ پر کام ایک بار پھر زوروں پر ہے، چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ پر کام شروع ہونا افواہیں پھیلانے والوں کو موثر جواب ہے، مشکل وقت میں عظیم دوست کی مدد کو کبھی نہیں بھولیں گے ، 48 گھنٹوں کے اندر برادر ممالک اورIMF سے5 ارب 70 کروڑ ڈالر پاکستان منتقل ہوئے، مخالفین دیوالیہ کی افواہیں پھیلا تےرہے،ہم نے تمام رکاوٹیں دور کیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو چشمہ5نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزرا انجینئر خرم دستگیر، احسن اقبال کے علاوہ چینی حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر پاکستان میں چین کے ناظم الامور پینگ چنگ سو نے کہا کہ چشمہ۔5 پاکستان کو کم کاربن، صاف اور سستی توانائی پیدا کرنے میں مدد دے گا جس سے مقامی سطح پر ملازمتیں پیدا ہونگی ۔ منصوبہ ترقی کے سفر میں اہم سنگ میل ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ ایک بہت بڑا سنگ میل اور دو عظیم دوست ممالک چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کی علامت ہے جس سے ملک کو صاف، مؤثر اور نسبتاً سستی توانائی کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ۔5 کے معاہدہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا سہرا مخلوط حکومت اور ایس ڈی پی کے سر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے مخالف ہر طرف یہ افواہیں پھیلا رہے تھے کہ پاکستان دیوالیہ ہو رہا ہے لیکن ہم نے صرف 15 ماہ میں تمام رکاوٹوں کو دور کیا، حکومتی ٹیم کی کاوشوں سے ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مخلوط حکومت اور انکی سنجیدہ کوششوں کے نتیجہ میں چینی کمپنی نے منصوبہ کی لاگت کو 18۔2017 میں اس وقت کی مسلم لیگ ن کی حکومت میں طے شدہ سطح پر رکھا اور اس میں اوسطاً 10 فیصد مہنگائی سے لاگت میں اضافہ شامل نہیں کیا جبکہ اس کے علاوہ انکی درخواست پر پاکستان کو 30 ارب روپے کا ڈسکاؤنٹ بھی دیا جو دونوں ممالک کے درمیان خلوص کے جذبات کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان میں چین کے ناظم الامور پینگ چنگ سو نے کہا کہ چشمہ۔5 پاکستان کو کم کاربن، صاف اور سستی توانائی پیدا کرنے میں مدد دیگا جس سے مقامی سطح پر ملازمتیں پیدا ہونگی ۔