کراچی ( اسٹاف رپورٹر، ایجنسیاں، جنگ نیوز)بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گیس کی قیمتوں میں بھی اضافے پر کام جاری ہے۔ آٹے اور چینی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ 3 ہفتوں میں مجموعی طور پر 23روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ٹماٹر ایک دن میں 100 روپے فی کلومہنگا ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت توانائی کا کہنا ہےکہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہر صورت ہوگا کیونکہ اس حوالے سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو لکھ کر دیا ہوا ہے، توقع ہے کہ کم گیس استعمال کرنے والےسلیب کے صارفین کے لیےگیس مہنگی کی جائے گی۔شہر ِ قائد میں ایک کلو ٹماٹر کی قیمت160روپے ہو گئی ہے جبکہ دو روز قبل کراچی میں ٹماٹر 60 روپے کلو فروخت ہو رہے تھے۔ دکاندار وں کا کہنا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے ٹماٹر کی قلت بڑھ رہی ہے، کوئٹہ سے ٹماٹر کے ٹرک 10 کے بجائے 3 آرہے ہیں۔ کراچی میں آٹے اور چینی کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے صدرعبدالروف ابراہیم کا کہنا ہےکہ چینی قیمت بڑھانے میں ذخیرہ اندوز اور سٹے باز مافیا ملوث ہیں، کراچی اور پنجاب میں کھلے عام بے نامی ڈی او ( DO) جاری ہو رہے ہیں شوگر مل مالکان جاری کردہ ڈی او پر نہ تو سیلز ٹیکس نمبر ڈالتے ہیں اور نہ ہی کوئی نام اور شناختی نمبر درج ہو تا ہے،انھوں نے بتایا کہ بڑے پیمانے پر چینی کوئٹہ ،چمن اور وہاں سے بلاروک ٹوک افغانستان اسمگل ہورہی ہے اسے روکنے والاکو ئی نہیں روف ابراہیم نے متنبہ کیا ہے کہ اگر سٹہ بازی اور اسمگلنگ کا سلسلہ نہ روکا گیا تو چینی 200 روپے کلو تک پہنچ جائے گی۔