لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ (نمائندگان جنگ، ایجنسیاں ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت اگلے ماہ مدت پوری ہونے سے پہلے چلی جائیگی، عوام ووٹ دیتے وقت پی ٹی آئی کی 4 سالہ تباہی، بربادی سامنے رکھیں، آئی ایم ایف کا پروگرام ہمارے لیے حلوہ یا لڈو پیڑے نہیں چیلنج ہے، نا ہی پٹرول کی قیمت کم کرنا جادو منتر ہے، آئی ایم ایف سے معاہدے کے نتیجے میں ڈالر سستا ہوا تو دنیا میں پٹرول مہنگا ہونے کے باجود عوام کو ریلیف دیا، اسی لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی، اگر آئندہ الیکشن میں قوم نے نواز شریف کو موقع دیا تو وہ اور پوری ٹیم ملک کا نقشہ بدل دینگے، عوام جس کو لائینگے دل و جان سے تسلیم کرینگے، اگر ہمیں موقع دیا تو وعدہ ہے پاکستان ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائینگے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 4 سال میں ایک اینٹ نہیں لگائی، صرف اینٹ سے اینٹ بجائی، تباہی بربادی اور اربوں کے اسکینڈلز ہوئے، بی آر ٹی چینی، مالم جبہ، گھڑی اسکینڈل اور 190 ملین فراڈ ہمارے دور میں تو نہیں ہوئے، حقائق پر آپ نے فیصلہ کرنا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا خواب تھا مجھے اور نواز شریف کو جیل بھیج دیتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور گورنر ہاؤس میں وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت کامیاب نوجوانوں میں چیکس کی تقسیم اور سیالکوٹ میں گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہIMF سے معاہدے کے نتیجے میں ڈالر سستا ہوا تو دنیا میں پٹرول مہنگا ہونے کے باجود عوام کو ریلیف دیا، عالمی مالیاتی فنڈز کے ساتھ معاہدے کا مثبت پہلو یہ ہے کہ روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے، اب روپیہ اور ڈالر آسمان اور زمین پر نہیں جا رہے، اس میں اب استحکام آرہا ہے، اسی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اگر آئی ایم ایف کے ساتھ یہ پروگرام نہ ہوا ہوتا تو روپیہ کہاں اور ڈالر کا ریٹ کہاں ہوتا اور ہماری معاشی صورتحال طلاطم کا شکار ہوتی۔وزیر اعظم نےکہا کہ جن لوگوں نے شیطانی چرخہ چلایا، جو ملک کیخلاف سازش میں ملوث تھے، ان کی سازشیں، انکے سمندر پار تانے بانے ناکام ہوئے، خدا نے تمام سازشوں کو نیست و نابود کر دیا، چند روز قبل اسرائیل کا پاکستان کیخلاف بیان آیا۔وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم باصلاحیت نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے آسان شرائط پر کم سود والے قرض کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے، خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے اس اسکیم میں ان کا خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔دریں اثناء گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب سے خطاب وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ہماری حکومت اگلے ماہ مدت مکمل کرلے گئی اور نگران حکومت کے بعد جو بھی نئی حکومت آئیگی اسے چاہیے کہ وہ تعلیم کے میدان میں وسائل کی کمی کو آڑے نہ آنے دے اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا تو نواز شریف کی لیڈر شپ میں ہم تعلیم کے میدان میں 2011 کے شروع ہونے والے انقلاب کو پایہ تعمیل تک پہنچائینگے ۔