اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) کین کمشنر حکومت پنجاب نے نوٹیفکیشن نمبر سی سی ایڈمن 2-17/22پنجاب کے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں‘ ایڈیشنل کین کمشنروں کو جاری کیا ہے جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وسیع پیمانے پر چینی کی اسمگلنگ کے نتیجے میں قیمتوں میں تیزی سے اضافے کو روکیں۔ اس کیلئے وہ افغانستان کو چینی کی تیز رفتار اسمگلنگ روکنے کیلئے اقدامات کریں۔کوئٹہ‘ پشاور میں 152روپے کلو‘ لاہور‘ کراچی میں ریٹیل پرائس 150روپے کلو ہو گئی افغانستان میں چینی کے نرخ اڑھائی سو روپے کلو‘ اسمگلروں اور شوگر مافیا کی چاندی ہونے لگی-اس نوٹیفکیشن کی نقول چیف سیکرٹری پنجاب‘ سیکرٹری گورنمنٹ آف دی پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ‘ سیکرٹری گورنمنٹ آف دی پنجاب انڈسٹریز‘ کامرس‘ انوسٹمنٹ اینڈ سکلز ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹس‘ کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور متعلقہ وفاقی و صوبائی عہدیداروں کو بھجوا دی گئی ہیں۔ وفاقی حکومت نے سال رواں کے آغاز میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کو اس شرط کے ساتھ چینی اڑھائی لاکھ ٹن برآمد کرنے کی اجازت لاتعداد اجلاسوں کے بعد دی کہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اڑھائی لاکھ ٹن چینی برآمد کر کے زرمبادلہ لائے گی مگر اس بات کی گارنٹی دے گی کہ ملک کے اندر چینی کی قیمت میں اضافہ نہیں ہو گا۔ موجودہ کرشنگ سیزن جو نومبر/دسمبر 2022ء میں شروع ہوا تھا‘ 12‘ 13‘ 14دسمبر 2022ء کے دوران پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے رضا کارانہ طور پر چینی کے ایکس ملز ریٹ 74روپے فی کلو کے لگ بھگ مقرر کئے اور ایک یا دو دن اس ایکس ملز ریٹ پر چینی شوگر ڈیلروں کو مہیا بھی کی‘ مگر اسکے بعد پسما نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی مہم شروع کی مگر بیشتر ایام میں چینی کی ایکس ملز قیمت 78سے 82روپے فی کلو کے درمیان رہی۔ اس ریٹ پر چینی کی تھوک فروختگی جاری رہی مگر پسما نے مارچ اپریل میں وفاقی حکومت سے چینی ایکسپورٹ کرنے کی ازخود اجازت دینے کی اس یقین دہانی پر مانگتی رہی کہ چینی کی ایکسپورٹ کے نتیجے میں پاکستان کے اندر چینی کی قیمتیں نہیں بڑھیں گی مگر 17جولائی 2023ء کو چینی کی خوردہ قیمت لاہور اور کراچی میں 150روپے کلو‘ پشاور اور کوئٹہ میں 152روپے کلو تک چلی گئی جبکہ 17جولائی 2023ء کو جنوبی پنجاب میں چینی کے ایکس ملز ریٹ 13ہزار 500روپے فی سو کلوگرام بیگ یعنی 135روپے فی کلو ایکس ملز ریٹ کا بند بھاؤ ریکارڈ کیا گیا۔ سنٹرل پنجاب میں 100کلو گرام چینی کی بوری 13ہزار 750روپے میں فروخت شوگر ملوں نے کی جو کہ 137روپے پچاس پیسے فی کلو گرام ایکس ملز ریٹ پر فروخت ہوئی۔ راولپنڈی اسلام آباد میں چینی 125‘ 130روپے سے بڑھ کر 145روپے فی کلو کر دی گئی ہے۔