اسلام آباد (ایجنسیاں،نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 60 کروڑ ڈالر کا گزشتہ روز اضافہ ہوا ہے، چین کے بینک نے یہ رقم رول اوور کی،وزیر اعظم نے چین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معمولی بات نہیں، ہم احسان کرنے والوں کو یاد رکھتے ہیں، پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ ختم ہوچکا، ہمسایہ ملک کو معاشی میدان میں شکست دینگے، حکومت زمینوں کی قیمتیں بڑھائے گی تو کون سرمایہ کاری کرے گا،انڈسٹریل زونز کا روباری حضرات کو لیز پر دینگے تو ملک ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ماڈل اسپیشل اکنامک زون کے سنگ بنیاد کی تقریب اور یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹو کے اجرا ءکی تقریب سےخطاب کرتےہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دوست ممالک کی معاونت سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ، مجھے نام لینے سے منع کیا گیا لیکن جو دوست مہربانی کرتا ہے، اس کو یاد رکھنا چاہیے،پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر بڑھ رہے ،دعا ہےقرضوں سے نہیں، قوم کی اپنی خون پسینے اور محنت سے ذخائر میں اضافہ ہو، کھیلوں کے شعبے کے لئے 5 ارب روپے مختص کئے ہیں، دوبارہ موقع ملا تو تعلیم ، فنی تعلیم اور کھیل کے میدان بنانے کیلئے جتنے وسائل درکار ہوئے مہیا کرینگے،وزیراعظم نے کہا کہ توقع ہے کہ آنے والی حکومتیں اس بجٹ کو بڑھائیں گی۔ دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آ باد میں پاکستان کی پہلی اسپورٹس یونیورسٹی کا افتتاح بھی کر دیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد ماڈل اسپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔