پشاور (خصوصی نامہ نگار) جنگ میڈیا گروپ کے زیر اہتمام پشاور میں دی نیوز ایجوکیشن ایکسپو 2023میں ہزاروں طلبہ، پروفیشنلز، اساتذہ، والدین اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد امڈ آئے سینکڑوں طلبہ نے اعلیٰ تعلیم کے لئے اپنی پسند کی یونیورسٹیوں کا انتخاب کیا۔ طلباء وطالبات کو ملکی اور بین الاقوامی اداروں کے کورسز اور داخلوں سے متعلق آگاہی ورہنمائی فراہم کی گئی۔ نمائش کا افتتاح گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کیا، روزنامہ جنگ پشاور کے ارشد عزیز ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر حاجی غلام علی نے تمام اسٹالز کا دورہ کیا اندرون وبیرون ملک حصول تعلیم کے مواقع سے متعلق ایکسپو کے انعقاد پر جنگ میڈیا گروپ کے اقدام کو سراہا۔گورنر نے ایجوکیشن ایکسپو میں صوبہ بھر سے شریک ہونیوالے جامعات کے طلباء و طالبات سے ملاقاتیں بھی کیں۔ نمائش میں ملک بھر سے 35 یونیورسٹیوں نے سٹالز لگائے تھے جن میں سیکاس، سی یونیورسٹی، برٹش کونسل، مائی یونیورسٹی، ورچوئل یونیورسٹی، سپریئر یونیورسٹی، دی یونیورسٹی آف لاہور، فاسٹ، یو ایم ٹی، این یو، عبدالولی خان یونیورسٹی مردان، زرعی یونیورسٹی پشاور، رفاہ یونیورسٹی، بی این یو،برینز انسٹی ٹیوٹ، میلینیم، بحریہ یونیورسٹی، انٹرنیشنل بزنس سکول اور دیگر ادارے شامل تھے۔ تعلیمی ایکسپو میں کینیڈا،آئرلینڈ اور برطانیہ جیسے ممالک کے کنسلٹنٹس نے بھی اسٹالزلگائے تھے۔