برمنگھم (پ ر) پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق ایڈیشنل سیکرٹری سعید مغل ایم بی ای نے کہا ہے کہ پاکستان میں نگراں وزیر اعظم کیلئے مختلف ناموں پر غور ہو رہا ہے جس میں ن لیگ کے اسحاق ڈار بھی شامل ہیں ۔اس حوالے سے حکومتی اتحاد میں شامل جماعتیں بھی سرگرم نظر آرہی ہیں اور آپس میں غور و خوض کیا جارہا ہے۔سعید مغل ایم بی ای نے کہا کہ ایسے شخص کے نام پر نگراں وزیر اعظم کیلئے غور کیا جارہا ہے جس کو ماضی میں سزا ہوئی اور وہ بھاگ کر لندن چلا گیا تھا ایسے شخص کا نام نگراں وزیر اعظم کیلئے تجویز کرنا بیمارذہن کی علامت ہے اور قوم کے ساتھ مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک سیاسی و معاشی بحرانوں میں گھرا ہوا ہے ،ملک کو بحرانوں سے نکالنےکیلئے صرف ایک شخص پیپلزپارٹی کے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو موزوں ہیں جن پر قوم کی نظریں لگی ہوئی ہیں، وہ بھٹو شہید کے نواسے اور تعلیم یافتہ ہیں اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا بلاول بھٹو کے نام پر دیگرجماعتوں کو متفق ہونا چاہئے۔