کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ بطورنگراں وزیراعظم قیادت جو فیصلہ کرے قبول ہو گا ڈالر کی اصل قیمت 244 روپے ہے، روپے کی بے قدری پر ناخوش ہوں الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ فری فیئر الیکشن کروائے، نوازشریف کی لیڈر شپ ملک کی ضرورت ہے،عوام ہمارے حق میں فیصلہ کریں گے،کوئی بھی ذمہ داری مانگ کر نہیں لینی چاہئے، میں نے اپنے آپ کو آفر نہیں کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ میں نے کوئی ایسا بیان نہیں دیا آج تک ایک صحافی دوست نے خبر لگائی اس پر اتنی زیادہ بحث شروع ہوگئی۔ حالانکہ وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے وزارت اطلاعات نے دو ٹوک بیان دیا کہ وہ رہنمائی حاصل کریں گے نوازشریف سے اور دوسری اتحادی جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔ اور آئین میں ایک پراسیس ہے جو ابھی ٹریگر نہیں ہوا لیڈر آف دی ہاؤس اور اپوزیشن۔ یہ خبر آنی نہیں چاہیے تھی جنہوں نے یہ خبر دی مجھے فون کیا میں نے کہا کوئی ایسی بات نہیں ہے بہتر ہے انتظار کریں جو بھی ہوگا آپ کو پتہ چل جائے گا۔ میں یقین رکھتا ہوں کہ کوئی بھی ذمہ داری مانگ کر نہیں لینی چاہیے۔ میں نے اپنے آپ کو آفر نہیں کیا۔ لیکن ظاہر ہے جو فیصلے پارٹی کے ہوتے ہیں یا حکومتی اتحاد کے اس کو فالو کرنا پڑے گا۔ ایک کمیٹی بنی ہے جس میں زرداری بلاول آئے تھے اس میں ، میں ہوں ایاز صادق ہیں سعد رفیق ہیں وہ پیپلز پارٹی سے ملے گی مولانا سے بھی ملے گی اس میں نگراں وزیراعظم معاملہ نہیں ہے ۔ یہ بات وزیراعظم کی سطح پر لیڈر شپ کی سطح پر بات ہوگی۔ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے ہم ڈیسائڈ نہیں کریں گے پارٹی لیڈر شپ ڈیسائڈ کرے گی۔ جب وقت آئے گا تو دیکھیں گے۔