کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈیفنس قیوم آباد عائشہ مسجد کے قریب مسلح موٹرسائیکل سوار ملزمان نے کار پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجا موقع پر جاں بحق جبکہ 2افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ایس ایس پی ساؤتھ کےمطابق فائرنگ پاکستان پیپلزپارٹی کے رکنِ سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی کی ویگو نمبر کے وی 6052 پر کی گئی، جاں بحق ہونے والوں میں ایم پی اے اسلم ابڑ و کا بھائی شہریار ابڑو اور بھتیجا اکرم ابڑو شامل ہیں، جبکہ عبداللہ ابڑو اور ارشاد پہنور زخمی ہیں، ذرائع کے مطابق گاڑی میں 5افراد سوار تھے جو اپنے گھر سے براستہ خیابان شمشیر فیز7آرہے تھے کہ تعاقب کرکے انہیں نشانہ بنایا گیا،پولیس کے مطابق فائرنگ سے گاڑی کی ونڈ اسکرین اور اطراف میں تقریبا 2 درجن سے زائد گولیاں لگی ہیں،دہشت گردی کے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، اس حوالے سےکراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشتگردی کا نہیں ہے، البتہ واقعہ دُشمنی یا کچھ اور اس بارےمیں تحقیقات کے بعد ہی پتہ چلے گا،پولیس کو جائے وقوعہ سے بڑے ہتھیار اور نائن ایم ایم کے خول بھی ملے ہیں، واردات میں ٹرپل ٹو رائفل اور نائن ایم ایم پستول بھی استعمال ہوئی ہے، ملزمان ایک سے زائد موٹر سائیکل پر سوار تھے، تفتیشکے بعد مزید معلومات حاصل ہوں گی، پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر ذاتی دشمنی لگتا ہے، اسلم ابڑو کا تعلق جیک آباد سے ہے جہاں ان کی خاندانی دشمنی بھی چل رہی ہے، تاہم پولیس واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں سےتفتیش کر رہی ہے، جبکہ علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی چیک کیے جا رہے ہیں،واقعے کی اطلاع ملتے ہی پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان اور ایم پی اے اسلم ابڑو نے اسپتال کا دورہ کیا، میڈیا سے گفتگو میں اسلم ابڑو نے بتایا کہ5 ملزمان کے پاس کلاشنکوف اورایک کے پاس پستول تھی،ان کا کہنا تھا کہ صبح کے وقت بھائی اکرم ابڑو خیابان شمشیر سے جیکب آباد جانے کےلیے نکلا، بھتیجا گاڑی چلا رہا تھا، بھائی ساتھ بیٹھا تھا، ٹارگٹ بھائی اور بھتیجا ہی تھے،ذائع کے مطابق اکرم ابڑو جیکب آباد شہری اتحاد کے صدر تھے،مقتول اکرم ابڑو کے بھائی اسلم ابڑو سال 2018ء کے انتخابات میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 1جیکب آباد 1سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پہلی بار ایم پی اے منتخب ہوئے تھے، اسلم ابڑو بعدازاں پی ٹی آئی چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے تھے ، مقتول اکرم ابڑو جیکب آباد شہری اتحاد کے صدر بھی تھے، وہ جیکب آباد میں زمینداری بھی کرتے تھے،مقتول اسلم ابڑو کے جیکب آباد اور اطرا ف میں مختلف جائیدادوں، زرعی زمینوں اور معتبر ہونے کے معاملات میں لہڑی، بھئیو اور دیگر مختلف برادریوں سے تنازعات بھی چل رہے تھے،ذرائع کے مطابق کراچی میں ناردرن بائی پاس پر اسلم ابڑو اور ان کے ساتھیوں کے مختلف افراد سے جائیدادوں اور زمینوں کے بھی تنازعات بھی تھے، ذرائع کے مطابق سال 2019میں ناردرن بائی پاس پر فائرنگ کا واقعہ بھی متنازع رہا۔