کراچی (اسٹاف رپورٹر) کولمبو ٹیسٹ میں پاکستان کے نوجوان بیٹسمین سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف ایک اور نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ اس طرح وہ ٹیسٹ کرکٹ کی 150 سالہ تاریخ میں ابتدائی سات ٹیسٹ میچوں میں نصف سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بیٹر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل سنیل گواسکر، سعید احمد، برٹ سٹکلف اور باسل بوچر نے اپنے ابتدائی 6میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ سیریزکے دوسرے ٹیسٹ کیپہلی اننگز میں سعود شکیل 57رنز بنا کر فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے لیکن اس وقت تک وہ اپنا نام تاریخ میں رقم کراچکے تھے۔ گذشتہ ایک سال میں 13ٹیسٹ میچز کی اننگز میں سعود شکیل نے 87.50کے اوسط سے 875رنز بنائے ہیں۔