• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، جی 20 ماحولیاتی اجلاس بے نتیجہ ختم، موسمیاتی بحران پر معاہدہ نہ ہوسکا

چنائی (اے ایف پی) بھارت میں جی ٹوئنٹی ممالک کے وزراء ماحولیات کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا، اجلاس میں 2025 تک کاربن کے اخراج میں اضافے کو روکنے کیلئے کوئی معاہدہ نہ ہوسکا، فرانسیسی نمائندے کے مطابق اجلاس میں عالمی ماحولیاتی بحران کو روکنے کیلئے دیگر اہم امور پر بھی اتفاق نہیں ہوا۔ فرانس میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق وزیر کرسٹوف بیچو نے اجلاس کے بعد بتایا کہ رواں برس ’’کوپ 28‘‘ کے ماحولیاتی مذاکرات سے قبل کئی اہم معاملات پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی جبکہ مذاکرات میں قابل تجدید توانائی کا استعمال بالترتیب بڑھانے پر بھی کوئی اتفاق رائے نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں انتہائی مایوسی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مرحلہ وار طور پر قابل تجدید توانائی کا استعمال بڑھانے پر اتفاق رائے نہ کرسکے جبکہ اسی طرح کاربن کا اخراج کرنے والے ایندھن بالخصوص کوئلے کا استعمال کم کرنے پر معاہدہ کرنے میں بھی کامیاب نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا درجہ حرارت انتہاوں کو چھو رہا ہے، قدرتی آفات سے تباہ کاریاں، بڑے پیمانے پر جنگلات میں آگ لگ رہی ہے تاہم ہم اس قابل نہیں کہ 2025 تک کاربن کا اخراج کم کرنے پر معاہدہ کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور سعودی عرب کیساتھ مذاکرات اور ماحولیاتی مسائل پر روس کیساتھ معاملات انتہائی پیچیدہ رہے۔

اہم خبریں سے مزید